طلباء کو بغیر یونیفارم اسکول بلایا جارہا ہے، والدین

172

کراچی: محکمہ تعلیم بے خبر، این سی او سی کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجی اسکولز طلباء کو سادہ لباس میں اسکول بلانے لگے ہیں جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں 10 جنوری تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے سبب بند کیے گئے اسکولوں میں طلباء کو بغیر یونیفارم میں بلایا جارہا ہے جبکہ گلشن اقبال، عزیز آباد، صدر اور اب شاہ فیصل کالونی سے بھی اسکول  رپورٹ ہوئے ہیں  جہاں بچوں کو بغیر یونیفارمز اسکول بلایا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں قائم نجی اسکول میں تدریسی عمل جاری ہے جبکہ میڈیا ٹیم کو دیکھتے ہی انتظامیہ نے اسکول کا گیٹ بند کردیا اور چوری چھپے پچھلے گیٹ سے اسکول کے طلباء کو چھٹی دیدی گئی۔

نجی اسکول میں طلباء کی شناخت کو چھپانے کے لیے گھر کے کپڑوں میں اسکول بلایا جارہا ہے جبکہ طلباء اور والدین نے بتایا ہے کہ اسکول میں کلاسز ہورہی ہے اور ایک دن چھوڑ کر ایک دن اسکول بلایا جارہا ہے اور اسکول میں امتحانات بھی ہورہے ہیں۔

شاہ فیصل کالونی نجی اسکول کی انتظامیہ نے موقف دینے سے منع کیا ہے جبکہ ٹیچرز کا کہنا ہے کہ طلباء اپنا کام جمع کروانے آتے ہیں۔

واضح رہے محکمہ تعلیم سندھ نے سندھ حکومت اور این سی او سی کی جانب سے جاری احکامات کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں 10 جنوری تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اسکولوں کی انتظامیہ کو واضح ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ بچوں کو اسکول بلانے کے بجائے آن لائن کلاسز کا انعقاد عمل میں لائیں۔