پاکستان اسٹیل کے برطرف ملازمین کا ریلوے ٹریک پر دھرنا‘ٹرینوں آمد ورفت معطل

186
کراچی: پاکستان اسٹیل مل کے برطرف ملازمین ریلوے ٹریک پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹیل مل کے برطرف ملازمین نے احتجاجاً ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیاجس کے باعث کراچی سے اندرون ملک ریلوے کا نظام معطل ہوگیا ۔برطرف ملازمین نے اپنی بحالی تک ریلوے ٹریک بلاک کرنے کا اعلان کیا ہے ۔برطرف ملازمین کا کہنا تھا کہ ہم مرنے یا مارنے کے لیے ریلوے ٹریک پر آگئے ہیں،جب تک وفاقی حکومت اپنا فیصلے واپس نہیں لے گی ریلوے ٹریک کو بلاک رکھا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی وزیر حماد اظہر ایک دن بھی اسٹیل مل نہیںآئے وہ میڈیا پر جھوٹ بول رہے ہیں ، ہم ریاست کے باعزت شہری ہیں۔ہماری جبری برطرفیوں کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے ۔آل ایمپلائزایکشن کمیٹی کے کنوینر و صدر پاسلو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور فیصلے کو واپس لیا جائے اور ملازمین کو نوکریوں پر بحال کیا جائے۔ ادھر ریلوے ذرائع کے مطابق مختلف شہروں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو بن قاسم اسٹیشن پر روک لیا گیا ،ریلوے ٹریک پردھرنے کی وجہ سے اپ اورڈاون ٹریفک معطل ہوگئی ٹریک کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے صبح 11بجے سے رات گئے تک کراچی سے کوئی ٹرین روانہ نہیں ہوسکی۔ہزاروں مسافرمختلف اسٹیشنوں پرپھنس گئے جب کہ ریلوے انتظامیہ نے ٹکٹیں واپس کرنے والے مسافروں سے 30فیصد رقوم کی کٹوتی بھی کرلی۔ذرائع نے بتایا کہ دوپہرایک بجے سے رات 11بجے تک 14ٹرینیں اندرون ملک روانہ ہوتی ہیں،اندرون ملک سے آنے والی گاڑیاں کراچی پہنچ کرواپس جانے کے لیے تیارہوتی ہیں، گاڑیوں کے کراچی کینٹ تاخیرسے پہنچنے پرواپس جانے والی گاڑیاں بھی تاخیرکاشکارہوںگی۔دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری اسٹیل مل پل کے قریب موجود رہی لیکن ٹریک کلیئر کرانے کے احکامات نہیں دیے گئے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پرصوبائی وزیر محنت و تعلیم سعید غنی کے رابطے کے بعد اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے بن قاسم پر مرکزی ریلوے ٹریک پر جاری دھرنا ختم کردیا۔جس کے بعد ریلوے کا اپ اینڈ ڈوائون ٹریک آمدورفت کے لیے بحال ہوگیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کے مسائل کے حل میں ان کے ساتھ ہیں،اسٹیل ملز کے 4500 سے زائد ملازمین کی برطرفی وفاقی حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے، آج بدھ کو اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کے وفد سے ملاقات کرکے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔