پاکستان چین کے ترقیاتی ماڈل کی تقلید کرناچاہتا ہے‘ وزیراعظم

160
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ترقیاتی ماڈل کی تقلید کرنا چاہتا ہے۔ان کے بقول چین کے ترقیاتی ماڈل نے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکال دیا ہے۔منگل کو وزیراعظم سے چینی وزیر دفاع اور اسٹیٹ کونسلر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق چینی سول اور عسکری حکام 3 روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں، اس اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کا مقصد پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم اور وسعت دینا ہے۔ وزیر دفاع نے چینی قیادت کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور چینی وفد نے پاکستان سے تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔عمران خان نے چینی وزیر دفاع کے دورہ کا خیر مقدم کیا اور کورونا کے دوران باقاعدہ اعلی سطح وفود کے تبادلے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں باہمی اعتماد، اور مشترکہ نظریات پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری ہے، پاکستان نے ہمیشہ ‘‘ون چائنہ’’ پالیسی پر مضبوطی سے عمل کیا اور بنیادی قومی مفاد کے امور پر چین کی حمایت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے قومی ترقیاتی اہداف کے حصول میں چین کی مستقل حمایت کو سراہا اور کوویڈ-19 سے نمٹنے میں چین کی کامیابی کی بھی تعریف کی۔عمران خان نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر پر چین کی اصولی حمایت کو بھی دل کی گہرائیوں سے سراہا۔وزیراعظم نے بھارتی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک، پرتشدد اقدامات، آر ایس ایس نظریے سے پیدا ہونے والے سنگین خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے غیر قانونی بے گناہ کشمیریوں کی تمام آزادیاں سلب کر رکھی ہیں۔ انہوں نے بھارت کے بالادست عزائم اور توسیع پسندانہ ایجنڈے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ہندو بالادستی کا منصوبہ خطے میں امن و استحکام کو متاثر کررہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین خریدنے، پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک دینے اور مختلف اداروں کی نجکاری کی منظوری دے دی۔انسدادکوروناویکسین کی خریداری کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص کردیے گئے۔ کابینہ نے کورونا کے علاج کے لیے درکار انجکشن کی قیمت میں کمی کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع اور نجی ائرلائن ائر سیال کے لائسنس کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، راوی اربن ڈیولپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق توہین رسالت کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ زیر غور آیا لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ وفاقی کابینہ کو موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں سی این جی اسٹیشن کو سپلائی بند کی جائے گی۔ کابینہ ارکان نے زور دیا کہ گیس فراہمی میں ایکسپورٹ سیکٹر اور گھریلو صارفین ترجیح ہونے چاہئیں۔کابینہ نے وزارت دفاع کو پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج اور یلدیز ٹیکنیکل یونیورسٹی ترکی کے مابین تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کرنے کی اجازت دی۔دوران اجلاس پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر محمد نعیم اخترکی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت نیشنل کالج آف آرٹس کے حوالے کرنے کی سمری پر 6 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ کابینہ نے بریگیڈئیر (ر) محمد طاہر احمد خان کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکونسی ایلوکیشن بورڈ تعینات کرنے اور فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2020ء کے تحت بورڈ آف گورنرز پر ماہرین تعینات کرنے کی منظوری بھی دی۔