قومی وصوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی

45

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 31 جنوری 2021ء تک ملتوی کردیے۔ منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس کے پیش نظر قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر 31جنوری تک ضمنی انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے حوالے سے شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان زائد فرق پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کچھ شہری علاقوں میں مرد و خواتین ووٹرز میں 10فیصد سے زائد کا فرق ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان زیادہ فرق کو ہر زاویے سے جانچا جائے گا جبکہ اس حوالے سے تجاویز بھی مانگی گئی ہیں۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں الیکٹرانک ای۔ووٹنگ مشین، بائیومیٹرک مشین اور آئی ووٹنگ پر غور کیا گیا۔اس ضمن میں ووٹنگ کے لیے فیصلے سے قبل مضمرات کا جائزہ لینا بہت ضرور ہے، الیکٹرانک ووٹنگ، بایومیٹرک، آئی ووٹنگ کے لیے عجلت میں فیصلہ انتخابات پر اثر ڈال سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ای سی پی کی جمع کردہ پائلٹ رپورٹس کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لانا چاہیے، جس کے بعد مناسب فیصلے پر پہنچا جاسکے گا۔علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتظامات مکمل نہ کرنے پر خیبرپختونخوا حکومت کو انتباہ جارہ کردیا گیا جب کہ مردم شماری کے سرکاری نتائج میں تاخیر کے معاملے پر وفاقی سیکرٹری قانون اور وفاقی سیکرٹری پارلیمانی امور کو طلب کر لیا ہے۔مزیدبرآں الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے کینٹ بورڈز میں حلقہ بندیوں سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارت دفاع کے حکام کو انتخابات کے لیے تاریخ مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔