اقوام متحدہ کا دنیا کو کورونا معاملے پر سیاست سے گریز کا مشورہ

90

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ نے دنیا کو کورونا وائرس کی ابتدا کے معاملے پر سیاست سے گریز کا مشورہ دے دیا۔ کورونا وائرس کی ابتدا پر مختلف ممالک کی جانب سے دعوؤں پر اقوام متحدہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ یو این ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینوم نے کہا ہے کہ مستقبل میں وبا کے دوبارہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے وائرس کا منبع جاننے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘ کچھ ملک اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ وبا سے متعلق معاملے کو نہ الجھایا جائے۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 6 کروڑ 35 لاکھ 89 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے‘14لاکھ 73 سے زاید افراد موت کی نیند سو چکے ہیں‘ مرض سے شفا پانے والوں کی تعداد 4 کروڑ 39 لاکھ 85 ہزار242 ہے‘1 کروڑ 81 لاکھ 31 ہزار254 مریض زیرِ علاج ہیں‘ جن میں سے1 لاکھ 6 ہزار41 کی حالت تشویش ناک ہے۔ کورونا وائرس متاثرہ ممالک میں امریکا سرفہرست ہے جہاںاب تک 2 لاکھ 74 ہزار 332 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد ایککروڑ 39 لاکھ 19ہزار 870 ہو چکی ہے‘ 54 لاکھ 22 ہزار 659 مریض زیرِ علاج ہیں۔ بھارت کورونا فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اس سے ایک لاکھ37 ہزار 659 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 94 لاکھ 63 ہزار 254 ہو گئی۔ چین میں کورونا وائرس کے مزید 12کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 92 ہزار 900 سے تجاوز کر گئی ہے ۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے12نئے کیسز میں سے8 بیرونِ ملک سے منتقل ہوئے ۔ جب کہ 4 کیسز مقامی طور پر وائرس منتقل ہونے کے ہیں جو کہ منگولیا میں رپورٹ ہوئے۔ ترکی نے عالمی وبا کورونا کیسز پر قابو پانے کے لیے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر تے ہوئے ہفتے کے2 دن مکمل لاک ڈائون نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔ صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران نئے کیسز اور اموات میں اضافے کے بعد ہفتے اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا‘شہریوںکو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ برطانیہ نے کورونا وائرس پر دوبارہ قابو پانے کا دعویٰ کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا پر قابو پانے کا دعویٰ برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں کورونا مریضوں میں30 فیصد کمی واقع ہوئی ہے‘ کیسز میں کمی کی بنیادی وجہ پابندیاں کا کامیاب ہونا ہے۔ علاوہ ازیں جرمن دوا ساز کمپنی’بائیو این ٹیک‘ اور ادویات تیار کرنے والے اس کے امریکی پارٹنر ادارے’ فائزر‘ نے یورپی میڈیسن ایجنسی کو کورونا وائرس کے خلاف اپنی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی مشروط اجازت دے دی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین تجرباتی طور پر 95 فیصد کامیاب رہی ہے۔ ماسک بنانے والی جرمن کمپنی کی چاندی ہوگئی‘ کمپنیفون لاک کے چیف کرسٹیان فون ڈانیئلز نے مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی نے رواں سال ایک سو ملین سے زاید ماسک اور کورونا وائرس سے بچنے کے لیے 12ملین گاؤن فروخت کیے ہیں۔ امریکی ڈاکٹر کی کورونا وائرس کے بزرگ مریض کو تسلّی دیتے دل دہلا دینے والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے ایک اسپتال میں ڈاکٹر جوزف ورون نے کورونا وائرس کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں ایک پریشان بزرگ کو دیکھا۔ وہ اُن کے پاس گئے اور اُنہیں تسلّی دی اورگلے لگا لیا‘ اسی دوران ایک فوٹو گرافر نے دل کو چُھوجانے والے منظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرلیا۔