کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روز منگل کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 596.45پوائنٹس کے اضافے سے41665.27پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا اور71.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 94ارب83کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت 26.01فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںگزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کار منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں سرگرم نظر آئے جس کے باعث شروع سے ہی تیزی کا رجحان رہا اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 41716پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا بعد ازاںپرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث 41700کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 596.45پوائنٹس کے اضافے سے41665.27پوائنٹس پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس251.98 پوائنٹس کے اضافے سے 17533.49پوائنٹس پر بند ہوا۔