کراچی (اسٹاف رپورٹر) اے آر وائی نیوز نے ایس ایس بی سجاس انٹر میڈیا کپ اپنے نام کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں آج ٹی وی 215 رنز کے تعاقب میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی ندیم خان، سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے جمیل احمد، جنرل منیجر نیشنل اسٹیڈیم پی سی بی ارشد خان اور ویچیوئل ایکسز کے سی ای او حافظ احمد مستقیم، سجاس کے صدر محمد آصف خان اور سیکریٹری اصغر عظیم کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے، اقبال قاسم کا کہناتھا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ صحافی اتنی اچھی اور پروفیشنل اپروج کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہیں، سجاس کا میڈیا کے دوستوں کو یکجا کرنا اور انہیں کھیلنے کا موقع فراہم کرنا خوش آئند ہے۔ اے آر وائی نیوز بابرخان اور بدر عابدی نے اننگز کا اغاز کیا، دونوں نے اوپنرز کی شاندار سنچری شراکت کے باعث اے آروائی نیوز مقررہ اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے،بدر عابدی 32 گیندوں پر 5 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 67 رنز جبکہ بابرخان 23 گیندوں پر 38 رنز بناکر ائوٹ ہوئے،دیگر بلے بازوں دانیال لطیف 28 اور عتیق احمد 38 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آج ٹی وی کے فہد ہاشمی3،زوہیب احمد اور ظہیر زاہد2,2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ ہدف کے تعاقب میں اج ٹی وی کی ٹیم 16 ویں اوور میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی، فہد ہاشمی کے 46 رنز بھی ان کی ٹیم کو شکست سے نہیں بچاسکے،فاتح ٹیم کے عدنان خان،بابر خان اور عامر خان 2,2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر بدر عابدی فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔