راولپنڈی(جسارت نیوز)قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ دفاعی چمپئن سندھ نے 194 رنز سے جیت لیا۔ کے آر ایل گرائونڈ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے فائنل کے آخری روز ناردرن کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 464 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن ناردرن کی ٹیم 69 اوورز میں 269 رنز بنا کر آل آئوٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں 64 رنز بنانے والے عبدالفصیح نے سنچری اسکور کی، انہوں نے 105 رنز بنائے۔ محمد شیعب خان 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حسن عابد کیانی نے 20 ، اور مہران ممتاز نے 16 رنز بنائے۔ سندھ انڈر 19 کی جانب سے ایک مرتبہ پھر عالیان محمود نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے6 وکٹیں حاصل کیں ۔ عبدالجلیل نے دو وکٹیں حاصل کی۔ سندھ کے کپتان صائم ایوب نے دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سندھ کی پہلی اننگز میں 461 رنز کے جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگز میں 377 رنز بنائے تھے جبکہ سندھ نے دوسری اننگز میں 379 رنز بنائے۔ صائم ایوب بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ میں بیٹسمین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز صائم ایوب نے حاصل کیا انھوں نے454 رنز بنائے۔بولر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز سینٹرل پنجاب کے ارحم نواب اور ناردرن کے مبصر خان نے مشترکہ طور پر حاصل کیا ،دونوں بولرز نے ٹورنامنٹ میں26،26 وکٹیں حاصل کیں۔پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی دوکھلاڑیوں عدیل میواور مبصر خان کے حصے میں آیاسندھ کے عدیل میو نے 282 رنز بنائے اور 19 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناردرن کے مبصر خان نے 234 رنز بنائے اور 26 وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین وکٹ کیپر کا اعزار سدرن پنجاب کے عبداللہ بٹ نے حاصل کیا انھوں نے وکٹوں کے پیچھے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چیمپئین شپ جیتنے والی ٹیم کو 1.5 ملین کی انعامی رقم دی گئی جبکہ رنر اپ ٹیم 7لاکھ 50ہزار روپے کی حقدار ٹھہری۔