ناجائز الاٹمنٹ: قائم علی شاہ کیخلاف نیب سے پیشرفت رپورٹ طلب

57

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے زمین کی غیر قانونی الائمنٹ میں نیب کی انکوائری اور ضمانت سے متعلق سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی درخواست پر نیب حکام سے ان کیخلاف پیش رفت رپورٹ طلب کرلی اور ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کردی۔ منگل کو جسٹس شمس الدین عباسی کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے نیب ضمنی ریفرنس دائر کرے گا اور قائم علی شاہ کے خلاف پہلے سے دائر ریفرنس میں انکوائری مکمل کرلی ہے جبکہ کالج کی زمین کی الاٹمنٹ کا ایک ریفرنس دائر ہوچکا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے نیب حکام سے قائم علی شاہ کے خلاف پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 13جنوری تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ پر کندھ کوٹ میں کالج کی زمین پرائیوٹ پارٹی کو دینے کا الزام ہے۔