خالد خورشید نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا حلف اٹھا لیا

79

گلگت (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے نو منتخب رکن اسمبلی خالد خورشید ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری گلگت بلتستان کے گورنر ہاؤس میں ہوئی، گورنر راجا جلال حسین مقپون نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے نگران وزیراعلیٰ میر افضل، اسپیکر اسمبلی سید اسد زیدی بھی شریک ہوئے، گلگت بلتستان کی کابینہ آج حلف اٹھائے گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عوام کی بہتری کیلیے کام کرنا ہے۔ میڈیکل کالج جو گلگت بلتستان کیلیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے بہت جلد میڈیکل کالج کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ تمام اداروں میں ہدف مقرر کیے جائیں گے، میرٹ کو یقینی بنائیں گے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔