حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور

57

لاہور (نمائندہ جسارت)احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ جج امجد نذیر چودھری نے سماعت کی ۔عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ حمزہ شہباز پیرول پر ہیں، ان کی دادی فوت ہوئی ہیں لوگ تعزیت کے لیے آرہے ہیں۔ عدالت نے کہاکہ صبح کون تعزیت کے لیے آتا ہے، پیرول کا اس سے کوئی تعلق نہیں انہیں پیش ہونا چاہیے تھا، جنازہ ہوچکا، رسم قل کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے اب اور کیا رہ گیا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ پیرول پر رہائی میں صرف ایک روز رہ گیا حاضری معافی کی درخواست قبول کی جائے ۔ کمرہ عدالت میں موجود ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کی عدم پیشی کے معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں ۔ عدالت نے استفسار کیا کون انکوائری کر رہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں انکوائری ہو رہی ہے ۔عدالت نے ایک سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ذمے داروں کا تعین کر کے مکمل رپورٹ پیش کریں ،سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی۔