فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر اورسابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کوآنکھیں کھول کر دیکھنا چاہیے کہ 22 کروڑعوام اُن سے نجات چاہتے ہیں،ملتان کے جلسے سے قبل پنجاب بھر سے کارکنوں کو گرفتار اور مقدمات درج کرنے کے باوجود حکومت کو شکست اور اپوزیشن کو کامیابی ملی، جلسہ عوامی طاقت سے کامیاب ہوا، لاہور کا جلسہ بھی عوامی طاقت سے ہوگا کوئی حکومتی رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی نہ جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں کا خوف ہوگا۔ ’’صباح نیوز‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ آئین پرامن احتجاج کاحق دیتا ہے جبکہ حکومت نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا ہے۔ جلسوں کو روکنا کورونا کی وجہ نہیں ہے، زبردستی اور سیاسی دہشت گردی سے حالات خراب کرنے کی کوشش ہے۔ راستوں میں رکاوٹیں نہ ہوتیں توجلسے میں 10 گنا زیادہ عوام ہوتے اس کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرکے حکو مت پرعدم اعتماد اور کورونا کے جواز کو دفن کر دیا ہے۔