لاہور جلسے پر پابندی ہے‘ روکنے کے بجائے کارروائی کریں گے‘ شبلی فراز

38

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جلسوں پر پابندی ہے لیکن ہم لاہور جلسہ نہیں روکیں گے، جس نے جانا ہے جلسے میں جائے، کارروائی کریں گے، ملک کی اکانومی بحال ہو رہی ہے، لوگوں کو روزگار مل رہا ہے، ایسے موقع پر وبا پھیلانا پاکستان کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جلسے کے بعد جو قانونی کارروائی بنتی ہے ضرورکریں گے۔ عوام اپوزیشن والوں کا خود احتساب کریں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ روز ملتان جلسے میں غریبوں کے مسائل کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ یہ جلسہ ذاتی مفاد اور دولت کو بچانے کے لیے ناٹک تھا۔ ملتان کی 25لاکھ آبادی میں 10 ہزار لوگ آئے جن میں سے 3 ہزار سندھ سے لائے گئے۔ ملتان کی عوام نے پی ڈی ایم کو مسترد کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جلسوں کا نہیں بلکہ وبا کے پھیلنے کا ڈر ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔ اپوزیشن نے گزشتہ روز ملتان شہر کو اکھاڑہ بنائے رکھا۔ جلسے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی۔ اپوزیشن رہنما پابندی کے باوجود جلسوں پر بضد ہیں۔راوی ریور منصوبے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ماڈرن شہر ہوگا جولاہور کی بقا کے لیے ضروری ہے۔ راوی ریور پروجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ بارے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ سندھ حکومت نے بنڈل آئی لینڈ پر پہلے این او سی دیا بعد میں واپس لینے کی کوشش کی، تاہم اس حوالے سے کافی پیشرفت ہو چکی ہے۔