عالم اسلام اسرائیل سے مقابلے کی تیاری کرے‘ علما کونسل

67

استنبول (انٹرنیشنل ڈیسک) بین الاقوامی علما کونسل نے فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور اسلامی دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ قابض صہیونی ریاست کا مقابلہ کرنے کے لیے مربوط اور ٹھوس حکمت عملی اختیار کریں۔ فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بین الاقوامی علما کونسل کے سیکرٹری جنرل علی القرہ داغی نے کہا کہ مشکل حالات میں عالمی برادری اور عالم اسلام کو فلسطینی قوم کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے تاکہ وہ قابض ریاست کے مظالم کا مقابلہ کرسکے۔ دریں اثنا ملائیشیا کی حکومت نے فلسطینی قوم کی آزادی کی جدو جہد اور حقوق کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم محی الدین یاسین نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی قوم ایک عرصے سے اپنے حقوق کے لیے جدو جہد کررہی ہے ۔ ہم فلسطینیوں کے حقوق کے لیے جدو جہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اُدھر یورپی ملک پولینڈ کی پارلیمان اور سفارت کاروں نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر عالمی برادری سے فلسطینی قوم کو اس کا حق خود ارادیت دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولینڈ کی پارلیمان نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں کیا گہا ہے کہ فلسطینی قوم کے چھینے گئے حقوق منظور کردہ عالمی قراردادوں کے مطابق واپس دلائے جائیں۔