کینیڈا نے کسان احتجاج کی حمایت کردی‘ مودی سرکار سیخ پا

45

نئی دہلی ؍ اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے احتجاج کرنے والے بھارتی کسانوں کی حمایت کے بیان پر نریندر مودی کی حکومت سیخ پا ہوگئی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ٹروڈو نے ایک بیان میں مظاہرین کے خلاف حکومت اور پولیس کے کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بھارتی کسانوں کے پرامن احتجاج کے دفاع میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ کینیڈا کسانوں کے معاملے پر نئی دہلی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بہتر یہی ہے کہ سفارتی بات چیت کو سیاسی ضرورت کے لیے توڑ مروڑ کر نہ پیش کیا جائے ۔ واضح رہے کہ بھارت میں نئے متنازع زرعی قوانین کے خلاف کئی روز سے ریاست پنجاب، ہریانہ، دہلی، راجستھان اور اترپردیش کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے اور مظاہرین نے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں دارالحکومت سمیت اہم شاہراہیں بند کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ دریں اثنا بھارتی حکومت نے احتجاج کرنے والے کسانوں کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔ اس سلسلے میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے اعلیٰ اہلکار سنجے اگروال نے 32 یونینوں کو دعوت دی ہے کہ وہ جمعرات کے روز اپنے مطالبات پر حکومت کے ساتھ بات چیت کریں۔