جرمنی: ہجوم پر کار چڑھا دی گئی‘ 2 ہلاک‘ 15 زخمی

114
برلن: جرمن شہر ٹریئر میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے والے شخص کو گرفتار کیا جا رہا ہے‘ پولیس جائے وقوع کو سیل کرکے شواہد جمع کررہی ہے

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی کے مغربی شہر ٹریئر میں ایک شخص نے اپنی کار راہ گیروں کے ایک ہجوم پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حکام نے ابتدائی اطلاعات میں بتایا کہ پیدل چلنے والے دیگر 15 افراد اس واقعے میں زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ منگل کی سہ پہر جرمنی کے مغربی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے تاریخی شہر ٹریئر میں ایک شخص نے اپنی کار ایک ایسے علاقے میں راہ گیروں کے ایک ہجوم پر چڑھا دی، جو صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص تھا۔ اس واقعے میں کئی لوگ زخمی ہوئے، جن میں سے کم از کم 2 کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔ مقامی سیکورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی قبضے میں لے کر ڈرائیور کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فوری طور پر واقعے کی وجہ یا ڈرائیور کے بارے میں مزید تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس نے عام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ علاقے کا رُخ کرنے سے گریز کریں۔ جرمن نشریاتی ادارے نے ٹریئر کے میئر وولفرام لائبے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔ جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔