حکومت نے سیکڑوں این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی

52

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے حکومت نے سیکڑوں این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔ تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط کو پورا کروانے کیلیے حکومت نے غیر سرکاری تنظیموں کی از سر نو رجسٹریشن کا کام
شروع کیا۔ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے ہدایات کے بعد حکومت کی جانب سے گزشتہ برس مئی میں این جی اوز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے این جی اوز کی باقاعدہ رجسٹریشن کے دوران شرائط پر پورا نہ اترنے والی 3 ہزار 851 تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کردی تھی، مطلوبہ دستاویزات اور متعین کردہ معیار پورا نہ کرنے پر محکمہ سوشل ویلفیئر نے 3 ہزار 30 جبکہ محکمہ صنعت نے 821 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی تھی اور ان تمام این جی اوز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے تھے۔حکومت کی جانب سے این جی اوز کیخلاف کریک ڈاؤن کے بعد کئی تنظیموں نے رجسٹریشن بھی کروائی ، ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر پورا نہ اترنے والی این جی اوز کو رجسٹرڈ نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو فروری 2021 تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے جس سے نکلنے کے لیے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پر پوری طرح عمل درآمد کروانا ہوگا۔