بلوچستان یونیورسٹی کے مغوی پروفیسر گھر پہنچ گئے

39

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبے میں مستونگ کے علاقے چھٹو سے 2 روز قبل اغوا کیے گئے بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر لیاقت ثانی بحفاظت گھر پہنچ گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کے گھر کے افراد نے تصدیق کی کہ ڈاکٹر لیاقت ثانی بحفاظت گھر پہنچ
گئے۔تاہم متعلقہ حکام نے پروفیسر کی اغوا کاروں سے رہائی کس طرح ہوئی اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کی رہائی میں ضلع مستونگ کے قبائلی عمائدین نے کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے عمائدین اور دیگر اہم قبائلی شخصیات نے اغوا کاروں سے رابطہ کیا اور مذاکرات کے بعد وہ پروفیسر کی رہائی میں کامیاب رہے۔واضح رہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ براہوی کے چیئرمین ڈاکٹر لیاقت ثانی کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ بلوچستان یونیورسٹی کے دیگر 2 اساتذہ کے ساتھ یونیورسٹی کی نگران کمیٹی کے اراکین کے طور پر امتحانی مرکز کا جائزہ لینے کے لیے خضدار جارہے تھے۔مسلح افراد نے مستونگ کے علاقے چھٹو سے انہیں بندوق کے زور پر اغوا کیا تھا۔تاہم اغوا کاروں کی جانب سے دیگر 2 اساتذہ پروفیسر شبیر احمد شاہوانی اور پروفیسر نظام شاہوانی کو ایک پہاڑی علاقے میں ایک مقام پر رکھ کر 2 گھنٹوں بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔