تمام لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب

44

کراچی/اسلام آباد( نمائندگان جسارت) سندھ ہائیکورٹ نے حسن بلال اور حسن ربی سمیت دیگر لاپتا شہریوں کی
بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے جیل سپرٹینڈنٹ کو 4فروری تک نوٹس جاری کردیے جبکہ لاپتا افراد بازیابی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ نومبر میں 3لاپتا افراد کی لاشیں برآمد ، 21افراد کا سراغ مل گیا جن میں سے 10افراد اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد کریم خان آغا کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں لاپتا شہریوں کے اہلخانہ نے آہ و بکاکی۔ سماعت کے دوران لاپتا حسن بلال کی اہلیہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے شوہر کو لاپتا ہوئے 6 سال ہو چکے ہیں ،6 سال میں 5 جی آئی ٹی بنیں لیکن ان کے شوہرکا سراغ نہیں لگایا جاسکا جبکہ ان کا شوہر سرکاری دفتر میں نائب قاصد تھا، تنخواہ بھی بند کردی گئی ،4چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ،کمانے والا بھی نہیں ہے۔اس موقع پر لاپتا حسن ربی کے اہل خانہ نے عدالت کو بتایا کہ 9سال سے حسن ربی لاپتا ہے اور پولیس تعاون نہیں کر رہی، چھوٹے بھائی نے پولیس کو لاپتا ہونے والے حسن ربی کو جیل لے کر جاتے دیکھا ہے، اب پولیس کہتی ہے نہ وہ جیل اور نہ ہی اب تک اس کاپتا لگایا جارہاہے،بھائی اگر مر گیا ہے تو اس کی لاش ہمارے حوالے کی جائے ۔بعد ازاں عدالت نے پولیس حکام سے تمام لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔دوسری جانب لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے قائم کمیشن کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ نومبرکے دوران مجموعی طورپر 34لاپتا افراد کے مقدمات نمٹائے ہیں جن میں سے 13مقدمات لاپتا افراد کے درست ایڈریس نہ ہونے یا لاپتا افراد کے زمرے میں نہ آنے کے باعث نمٹائے گئے ۔ باقی 21افراد ٹریس ہوئے ہیں جن میں سے 10افرادخود اپنے گھروں کو لوٹ آئے ہیں ،4 لاپتا افراد مختلف حراستی مراکز میں موجود ہیں، 4 افراد مختلف جیلوں میں ہیں اور 3 لاپتا افرادکی لاشیں ملیں برآمد ہوئی ہیں ،اسلام آباد ،سندھ اور بلوچستان سے ایک ایک لاش ملی ہے ۔ کمیشن کے قیام سے اب تک کمیشن کے پاس آنے والے 6854کیسز میں سے 219لاپتا افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ اب تک پنجاب کے 66 سندھ کے54، خیبرپختونخواکے59، بلوچستان کے 30اسلام آباد کے 01،آزاد کشمیر کے02 لاپتا افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔