کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ایڈمرل جمیل اختر نے گورنرہا?س میں الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میںکراچی پورٹ ٹرسٹ کی فعالیت ، آپریشنل دائرہ کارکو بڑھانے اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کیے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میںچیئرمین ایڈمرل جمیل اختر نے گورنرسندھ کو پورٹ کی کارکردگی کے سلسلے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کا قومی معیشت میں کلیدی کردار ہے پورٹ کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق بنانا انتہائی نا گزیر ہے موجودہ حکومت ، پورٹ کے مسائل،درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پرحل کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے کراچی پورٹ کی اہمیت بہت بڑھ جائے گی اس وقت گوادر اور کراچی پورٹس قومی ترقی میں انتہائی اہم ہیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ بحیثیت چیئرمین آپ نے پورٹ کی ترقی کے لیے قابل قدر اقدامات کیے، اسی وژن سے اداروں کی کارکردگی کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔