کورونا کے بعد آن لائن ایجوکیشن ہمارامستقبل ہے‘ڈاکٹرعمران

47

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امریکاسے آئے ہوئے ممتاز سرجن ڈاکٹر عمران انصاری نے کہا ہے کہ کوویڈ 19وبائی بیماری کے بحران کے بعد آن لائن ایجوکیشن ہی ہمارا مستقبل ہے اس لیے جو تعلیمی ادارے ٹیکنالوجی کے استعمال سے جتنا زیادہ استفادہ کرینگے وہ ہی آگے چل کراپنا وجود برقرار رکھ سکیں گے۔پاکستان میں طلبہ کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ اب ہماری دنیا ایک گلوبل ولیج کی شکل اختیار کرچکی ہے اس لیے اب انہیں ایک بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ تیزی کے ساتھ تبدیل ہونے والی اس دنیا کے نئے رجحانات کو سمجھتے ہوئے ملک اور قوم کا نام روشن کرنے کے لیے سخت محنت سے کام لینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محمدعلی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو) کے دورہ کے موقع پر یونیورسٹی کے ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو میں انٹرویو ریکارڈ کراتے ہوئے کیا۔ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ،یورسٹی کے فیکلٹی ممبر بابر سلیم نے ان سے انٹرویو کیا۔ڈاکٹر عمران انصاری نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ کوویڈ 19وبائی بیماری کے بحران سے نمٹنے کے لیے ماجو کا انفرا اسٹرکچر بہت بہتر ہے، آن لائن ایجوکیشن یہاں کامیابی کے ساتھ جاری ہے ،اساتذہ کی بہتر ین تربیت کی گئی ہے اور ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے جس سے یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ کے بہترین وژن کا اظہار ہوتاہے۔