ڈکیت بھائیوں اورجعلی نوٹ چلانے والی خاتون سمیت 72 گرفتار

52

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران72 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار شدگان میں 2ڈکیت بھائی اور جعلی نوٹوں سے خریداری کی کوشش کرنے والی خاتون بھی شامل ہے ، گرفتار شدگان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ،منشیات ، مسروقہ موٹرسائیکلیںاور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں، تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس نے ایک عادی اسٹریٹ کرمنل عبدالقیوم ولد محمد ایوب کو گرفتار کرلیا،جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ۔فرئیر پولیس نے دہلی کالونی میں کارروائی کے دوران بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گروہ کے ایک کارندے بخش علی کو گرفتار کرلیا، ابراہیم حیدری پولیس نے کورنگی کراسنگ مارکیٹ کے قریب سے مختاراں نامی ایک مشکوک خاتون کو جعلی پاکستانی کرنسی سمیت گرفتار کرلیا جن کے بارے میں ملزمہ سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ،گرفتار خاتون جعلی نوٹوں سے مارکیٹ میں خریداری کر رہی تھی،اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کرنے والے 2ملزمان عامر جونیجو اورحفیظ اللہ کو گرفتار کرلیا۔بن قاسم پولیس نے رہزنی اور منشیات فروشی میں ملوث2 ملزمان شاہد عرف وزیر اور محمد جمن کو گرفتارکرلیا۔موچکو پولیس نے ایک چھاپامار کارروائی میں2 ملزمان حبیب اللہ اور آصف کوگرفتارکرلیا ۔ ویسٹ زون پولیس نے گزشتہ 24گھنٹوںکے دوران کی گئی مختلف کارروائیوں میں 55ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان قتل، اقدام قتل ،ڈکیتی ،رہزنی،اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے ،پاپوش پولیس نے میٹرک بورڈ آفس کے قریب طلبہ کو جعلی فارم فروخت کرنے والے2 ملزمان علی رضا اور جنید کو گرفتار کرکے نویں جماعت کے جعلی فارم ڈگریاں اور مہریں برآمد کرلیں ۔بلوچ کالونی پولیس نے بنگلے کی ڈکیتی میں ملوث گینگ کے دوسگے بھائیوں شہزاد ولد قیصر علی اور شہروز ولد قیصر علی کو گرفتارکرلیا۔سعودآباد پولیس نے سی سی ٹی وی کی مددسے رات میں گھروں کے باہر پارک شدہ گاڑیوں سے قیمتی سامان چوری کرنے والے رکشا گینگ کے کارندے دل محمد ولد عالم کو گرفتار کرلیا ۔سہراب گوٹھ پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ملزم عنایت علی ولد محمد عثمان کو گرفتار کرلیا۔