شہری پانی کا بل ادا کرنے کے باوجود صاف پانی سے محروم ہیں

69

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں شہری سیوریج ملا گندہ پینے پر مجبور ہیں۔پرائیویٹ واٹر کمپیناں کروڑوں روپے مالیت کا پانی ماہانہ شہریوں فروخت کررہی ہیں جبکہ شہری حکومت کو پانی کا بل ادا کرنے کے باوجود صاف پانی سے محروم ہیں اور سیوریج ملا یا زمین سے نکلنے والا کڑوا اور مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں جو لاتعداد موذی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔ان خیالات اظہار انہوں نے جوہر ٹاؤن میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاح کے موقع پر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ،سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد شاہد، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد،ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی چودھری محمود الاحد، رہنما جماعت اسلامی ضغیم بٹ اور ترکی کے پارلیمانی ممبر شعیب ہاشمی سمیت ترکی کے وفد کے ممبران بھی موجود تھے۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہر کے 70 فیصد سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹ انتظامیہ کی دانستہ غفلت کی وجہ سے خراب پڑے ہیں۔اگر کہیں سرکاری پانی میسر بھی ہے تو وہ بھی اس قابل نہیں کہ پیا جاسکے۔ جس کے باعث شہری اپنے گھروں سے دور موجود فلٹریشن پلانٹس سے گھنٹوں انتظار کے بعد پانی لینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن شہر کے مستحق اور غریب لوگوں کی فلاح و بہبود کا کام بلاتفریق رنگ و نسل کررہی ہیں۔ہماری سیاست کا بنیادی مقصد ہی بلاتقریق رنگ و نسل اور مذہب خدمت خلق ہے۔ اسلامی نظام زندگی ہمیں خدمت خلق کا درس دیتی ہے اور جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ہی اسلامی انقلاب اور قرآن و سنت کے نظام کی بالادستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی عدم فراہمی اور ناقص صفائی کے انتظامات کی ابتر صورتحال بلدیاتی اداروں کے فعال نہ ہونے کی وجہ سے دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔حکومت بلدیاتی الیکشن بروقت کروانے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی الیکشن میں اہل لاہور کے سامنے دیانتدار اور باصلاحیت قیادت پیش کرے گی جو لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلیے اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔