جماعت اسلامی کاٹول پلازہ کے مسئلہ پراحتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

47

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی نے پنڈی بھٹیاں ٹول پلازہ کے مسئلہ پراحتجاجی تحریک چلانے کے لیے عوامی رابطہ مہم کا اعلان کردیا،شہربھر میں احتجاجی بینرزآویزاں کر دیے گئے ہیں،مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے شہر کی تمام سیاسی وسماجی، تنظیموں، تاجروں اوروکلا اورچیمبرآف کامرس کے نمائندوںکا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔گٹ والا ٹول پلازہ کو بھی کھڑریانوالہ منتقل کیا جائے۔اس امر کا فیصلہ ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ کی صدارت میں ہونے والے ضلعی سیاسی کورکمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا۔اجلاس میں صدرسیاسی کمیٹی میاں طاہرایوب، امیدوار لارڈ میئرانجینئر عظیم رندھاوا،صدرجے آئی یوتھ عمرفاروق گجر،لیاقت علی گل اوررائے ندیم الرحمن ودیگر بھی شریک تھے۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ حکومت کا کام شہریوں کو سہولت دینا ہے مگر موجودہ حکومت سہولت کے بجائے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،شہرکے ارکان اسمبلی بھی شہریوں کے مسائل حل کروانے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی بھٹیاں موٹر وے پر ٹول پلازہ دوبارہ شروع ہونے پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹول پلازے کی وجہ سے موٹر وے پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگنے سے موٹر وے کا مقصد ہی ختم ہوجاتا ہے۔حکومت پنڈی بھٹیاں ٹول پلازے کو فوری ختم کرتے ہوئے شہریوں کو اس حوالے سے درپیش مسائل کا خاتمہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پنڈی بھٹیاںتا فیصل آبادموٹروے کے درمیان میںٹول پلازہ ہونے سے ٹریفک کے مسائل میں بنتارہاہے جس کی وجہ سے جنوری میں عوام کے احتجاج پر اسے ختم کردیا گیاتھالیکن اب اسے دوباربحال کرکے فیصل آباد سے براستہ موٹروے سفرکرنے والے مسافروں کو اذیت میں مبتلا کردیاگیا ہے، مسافر محفوظ اور جلدی منزل پر پہنچے کے لیے موٹروے پر سفرکرتے ہیں لیکن اس ٹول پلازے کوقائم کرکے موٹروے کی افادیت کو ختم کردیا گیا ہے۔