سانگھڑ(نمائندہ جسارت) سینیٹر امام الدین شوقین نے سانگھڑ میں مصروف ترین دن گزارا ،سینیٹر امام الدین شوقین نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر برج کنسلٹنٹ فاؤنڈیشن میں سیمینار کی صدارت کی جبکہ بعد ازاں سول اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا جبکہ اسپتال کے دل کے وارڈ کے لیے ایکومشین دینے کا بھی اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر امام الدین شوقین نے سانگھڑ میں ایڈز کے متعلق کام کرنے والی این جی او کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا وبائی امراض کے خاتمے میں معاشرے کا کلیدی کردار ہے۔ایڈز موذی مرض ہے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا اس کے بعد سینیٹر امام الدین شوقین نے سول اسپتال سانگھڑ کا دورہ کیا جہاں پر مختلف وارڈز میں مریضوں سے ملاقات کی اور دل کے وارڈ کے لیے ایکو مشین دینے کا اعلان کیا اورانہوں نے سول اسپتال کے ایچ آئی وی ایڈز سینٹر کو مکمل فعال کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر ڈاکٹرعلی اکبرکمبہر،سوشل ویلفیئر آفیسر واجد ڈاکٹر شگفتہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسپتال کے دیگر درپیش مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ حکام سے بات کرنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ اس کے بعد شہر کی سینئر سیاسی شخصیات سے ملاقات کی اور دیگر ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد حاجی اکرم چوہان کی رہائش گاہ پرریفریشمنٹ پارٹی میں شرکت کی ۔اس موقع پر سینیٹر امام الدین شوقین کو سندھ کا ثقافتی تحفہ اجرک بھی پہنائی گئی۔ سینیٹر کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو حل کرنا ہماری ذمے داری ہے میری کوشش ہے کہ سانگھڑ کے سیوریج، گلیوں کی پختگی واٹر سپلائی اور دیگر مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے تاکہ عوام کو سہو لیات میسر آسکیں ۔انہوں نے کہا کہ سانگھڑ کے بیشتر علاقوں میں صفائی ستھرائی کا بہت زیادہ فقدان ہے حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے بروقت بالا افسران سے رابطے کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے لیے ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس سینیٹر کا عہدہ ہے مگر میں آئل اینڈ گیس فنڈز سے جہاں تک ممکن ہے ترقیاتی کام کروا رہا ہوں میری پوری کوشش ہے کہ عوامی مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے۔