اپوزیشن جماعتیں اپنی بدعنوانیوں پر ریلیف چاہتی ہیں، عمران قریشی

42

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدر آباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ حکومت مخالف جماعتیں ناکام جلسے کرکے اپنے مفادات کے حصول کے لیے ملک کے غریب عوام کو کورونا جیسی مہلک بیماریوں کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس کے بعد سرکاری سطح پر تمام تقریبات منسوخ کی جاچکی ہیں، لیکن اپوزیشن کی کچھ جماعتیں جو ماضی میں ملک کو لوٹتی رہیں اور جن کیخلاف کرپشن کے مقدمات بنائے گئے تھے لیکن وہ حکومت پر دباؤ ڈال کر اپنی بدعنوانیوں پر ریلیف چاہتی ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان اس طرح کے کسی بھی عمل پر مفاہمت نہیں کریں گے، وہ صاف کہہ چکے ہیں کہ پہلے این آر او دیا تھا اور نہ اب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو ملک کی صورتحال ہے اس کی تمام تر ذمے داری بھی پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف) اور دیگر جماعتیں ہیں جو برسہا برس سے اقتدار میں رہیں لیکن انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ ملک کی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنائیں۔ آج جب نیب کی عدالت ان سے ان جائیدادوں کی ذرائع آمدنی معلوم کرتی ہے تو وہ اس کا جواب دینے کے بجائے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسوں کی سیاست اب ناکام ہوچکی ہے، عوام جانتے ہیں کہ ان جلسوں سے نہ تو حکومت چلے گی اور نہ ہی ان کے مفادات پورے ہوں گے۔