سول ملٹری بیوروکریسی کی جانبداری ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے، لیاقت بلوچ

82

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ اب سول ملٹری بیوروکریسی کی جانبداری قومی سلامتی اور وحدت کے لیے بہت خطرناک نتائج لائے گی ۔ حکومت جماعت اسلامی کے خلاف جھوٹ اور فریب کاری کر رہی ہے ۔ پی ڈی ایم کے ملتان جلسے کے سامنے عمران خان سرکار ڈھیر ہوگئی ہے ۔ عمران خان کی ناکامی ، نااہلی ، غرور ، تکبر ، بد تہذیبی خاک میں مل رہی ہے ۔ عوام کی
غالب اکثریت حکومتی اقتصادی مظالم اور عوام کے معاشی قتل کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔ 20 ماہ عوام نے انتظار کیا کہ حالات بدلیں گے ۔ نااہل سرکار ملک اور قوم کے لیے بوجھ بن گئی ہے ۔ عمران خان نااہلی و ناکامی تسلیم کرلیں اور آئین کے مطابق قبل از وقت انتخابات کرا دیں ، یہی آئینی ، جمہوری راستہ ہے ۔ لیاقت بلوچ سے کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر عبدالجبار خان نے ملاقات کی اور کہاکہ گنا ، چاول ، گندم ، کپاس اور سبزیوں ، چارہ اگانے کے کاشتکار مسلسل تباہ ہورہے ہیں ۔زرعی پالیسی بے کار اور کسان و زراعت دشمن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف عالمی سامراجی معاشی مافیا کے دبائو پر حکومت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے ۔کسانوں کوفصلوں اور محنت کا پورا ثمر ملنا چاہیے ۔ حکومت کھاد ، بیج ، زرعی ادویات ، بجلی ، زرعی آلات سستے کرے۔ زراعت، کسان ہاری کی خوش حالی پورے ملک کی ترقی و خوشحالی ہوگی ۔ جماعت اسلامی قرضوں ، سود ، کرپشن ، عوام دشمن پالیسیوں سے نجات دلا کر پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنائے گی ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے سینئر صحافی ، کالم نگار عبدالقادر حسن ، صوبائی وزیر سید ناظم حسین شاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ مرحومین اپنے اپنے میدان کے شہ سوار تھے ۔