عمران خان سیاسی اور انتظامی امور میں مکمل ناکام ہوچکے، مولانا فضل الرحمن

164

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن  نے کہا ہے کہ ملک اس وقت معاشی اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، پی ڈی ایم عوامی حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے انہیں اس نااہل حکومت سے نجات دلاکر دکھوں کا مداوا کرنا چاہتی ہے. ملتان جلسے کےبعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دورِ حکومت میں جی ڈی پی کی شرح  5.5 فیصد تھی یہ ممکن تھا کہ اگلے سالوں میں یہ بڑھ کر 6فیصد تک پہنچ جاتی مگر موجودہ حکومت کے دو سال میں اس کی شرح 0.4 ہوچکی ہے، دوائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ ملک میں بے روزگاری کی شرح بھی بڑھ رہی ہے، اس بڑی تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟ عمران خان سیاسی اور انتظامی امور میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ملتان میں کامیاب جلسے کا انعقاد اپوزیشن  کی بڑی کامیابی ہے.یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں نے تمام تر مشکلات کےباوجود اس جلسے کے انعقاد کو یقینی بنایا جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں. وزراء خود  جلسے کو روکنے کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر تنقید کر رہے ہیں.8 دسمبر کو اسلام آباد میں  پی ڈی ایم کی گیارہ جماعتوں کا اجلاس  ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلے بھی کئے جائیں گے.

خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ہاتھ سے پہلے ہی کشمیر کو بھارت کے حوالے کرچکی ہے جبکہ یہ دوسرے ہاتھ سے فلسطین کو اسرائیل کے حوالے کرنے جارہی ہے، اگر ایسا ہوا تو یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہوگی.انہوں نے معیشت کی ترقی کے حوالوں سے حکومتی دعوؤں کو بھی مسترد کیا.