آسٹریلیا میں بلڈوزر چوری کرکے چار کاریں تباہ کرنے اور ایک گھر کو گرانے کی کوشش کرنے والے شخص کے خلاف قتل عمد کی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
آسٹریلوی پولیس کے مطابق یہ واقعہ سڈنی کے شمال میں 143 کلو میٹر فاصلے پر واقع علاقے ٹیرالبہ میں پیش آیا۔ جہاں 48 سالہ شخص نے بلڈوزر کی مدد سے چار کاریں تباہ کیں۔ پھر ایک 29 سالہ شخص کا تعاقب کیا اور اس کے بھاگ جانے پر بلڈوزر کو ایک گھر میں گھسا دیا۔ گھر میں موجود 56 سالہ خاتون اور اس کی 15 اور 20 سال عمر کی دو بیٹاں جان بچا کر بھاگ گئیں۔
بعد ازاں پولیس نے اس شخص کو بلڈوزر کی کھڑکی توڑ کر اور آنکھوں میں مرچیں ڈال کر گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیا جانے والا شخص متاثرہ گھر کے مکینوں کا جاننے والا تھا تاہم اس کی اس حرکت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔