ذوالفقار بابر?? تبا? ?ن بالنگ،لن?ا241رنز پر???ر

242

کولمبو: ٹور میچ کے دوسرے روز ذوالقفار بابر کی تباہ کن باؤلنگ کی وجہ سے سری لنکا بورڈ پریذیڈنٹ الیون کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چھ رنز کے خسارے کے ساتھ 241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کوشل سلوا نے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ذوالفقار بابر نے 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 27 رنز بنا لئے۔ شان مسعود 15 اور اظہر علی 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ محمد حفیظ 8 رنز بناکر نسالا گاماگے کا نشانہ بنے۔

 تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کولٹس کرکٹ کلب گراؤنڈ، کولمبو میں تین روزہ ٹور میچ کے دوسرے سری لنکا بورڈ پریذیڈنٹ الیون نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 44 رنز ایک وکٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم ذوالفقار بابر کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث 241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے چھ رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ کوشل سلوا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلرز کو جم کر نہ کھیل سکا۔ کوشل سلوا نے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں اپل تھرنگا 35 ، جیہان مبارک 28 ، کپتان دنیش چندیمل 22 اور ملندا سری وردنا 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ذوالفقار بابر نے 31 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یاسر شاہ نے دو جبکہ جنید خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 27 رنز بنا لئے۔ شان مسعود 15 اور اظہر علی 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو 8 رنز بناکر نسالا گاماگے کا نشانہ بنے۔