کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کے الیکٹرک کو کہا ہے کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو بھی ایک خط لکھا ہے۔
شعیب احمد صدیقی نے کے الیکٹرک کو لکھے جانے والے خط میں لکھا ہے کہ ماہ رمضان المبارک قریب ہے، کراچی کے شہری توقع کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک ماہ رمضان المبارک کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے گی اور لوڈشیڈنگ کو کم سے کم کرے گی۔ انہوں نے خط میں مزید کہا کہ کے الیکٹرک خاص طور پر افطار اور سحری کے اوقات میں شہریوں کا خیال رکھے اور ان اوقات میں شہریوں کی سہولت کی خاطر ہر ممکنہ طور پر لوڈشیڈنگ سے گریز کرے۔