وائی ایم سی گراؤنڈ کو خالی کرانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وائی ایم اسی گراﺅنڈ کو خالی کرایا جائے اور اس کے غلط استعمال سے جو مسائل پیدا ہورہے ہیں انہیں حل کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے کرسچن یونیٹی فورم کے ایک وفد نے ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور ان کو بتایا کہ وائی ایم سی گراﺅنڈ کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جبکہ یہ گراﺅنڈ صرف کھیلوں کے لیے بنایا گیا تھا لیکن اب یہاں شادیاں ہورہی ہیں۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں آواز اٹھائیں تا کہ حکومت پر دباﺅ ڈالا جائے کہ وائی ایم سی گراﺅنڈ کو خالی کرائے اور شادیوں کا سلسلہ بند کرکے اس گراﺅنڈ کوصرف کھیلوں کے لیے مخصوص کرے۔
حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور جماعت اسلامی ان کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ کرسچن یونیٹی فورم کے وفد میں اقبال ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر سلیم سرفراز ، البرٹ میسی ، پرویز بھٹی، یونس سوہن ایڈوکیٹ ، سموئیل نذیر ، نسرین اسٹیفن اور سلیم مائیکل ایڈوکیٹ شامل تھے جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ رضی،سیکریٹری کراچی عبدالوہاب اورسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔