آصف علی زرداری کی جانب سے سیاسی رہنماوں کے اعزاز میں افطارو ڈنر کا زرداری ہاوس میں اہتمام کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے اہم رہنماوں کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی شرکت کی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری بھی تقریب میں موجود تھے۔
افطار و ڈنر پارٹی میں آصف علی زرداری نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملک کی مجموعی صورتحال اور کراچی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں کراچی میں جاری رینجرز آپریشن پر آصف زرداری نے تحفظات کا اظہار کیا اور اپوزیشن اتحادی پارٹیوں کے رہنماؤں سے مشاورت بھی کی جبکہ اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھانے پراتفاق رائے ہوئی۔
اس دعوت میں کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماو نے شرکت کی جس میں متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی،میاں عتیق اور بیرسٹرسیف، اے این پی کی جانب سے افراسیاب خٹک اورمیاں افتخارحسین اور جی یو آئی کی طرف سے مولانا فضل الرحمان شریک ہوئے تاہم مولانا فضل الرحمن کی شرکت مشکوک سمجھی جار رہی تھی۔
جبکہ وزیر اعظم ہاوس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے افطار ڈنر میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان اور تحریک انصاف نے نجی مصروفیات کے باعث افطار ڈنر میں شرکت سے معذرت کی۔