بھارت ملک کے اندورونی خلفشار اور ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کررہا ہے,وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن

142

کراچی( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ بھارت ملک کے اندورونی خلفشار اور ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کررہا ہے ، اقتصادی راہداری منصوبے سے بہت سے لوگوں کو پریشانی ہے پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اب ہم اسلحے کی صنعت میں بھی ترقی کررہے ہیں جو لوگ پاکستان کو تنہا کرنا چاہتے تھے وہ اپنی سازشوں میں ناکام ہوئے ہیں، آئیڈیاز 2016ء میں 43ممالک کے 190سے زائد وفود کی شرکت اس بات کا عملی ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایکسپوسینٹرکراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئیڈیاز نمائش کا اصل مقصد اسلحہ برائے امن ہے کیونکہ جب تک برابری نہیں ہوگی امن قائم نہیں ہوگا، انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابیوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری فوج نے اپنی تیار کردہ دفاعی مصنوعات سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی ترقی بھی ضروری ہے اور ہمارے ملک میں اقتصادی راہداری منصوبے کے ذریعے ہونے والی اقتصادی ترقی پر بہت سارے لوگ خوش نہیں ہیں جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک کی اقتصادی ترقی کی طرف توجہ مبذول کرادی ہے، سی پیک منصوبے پر اب تک 12ارب ڈالر خرچ ہوچکے ہیں اور یہ منصوبہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں امن وامان قائم ہے کچھ عرصے قبل یہاں کپڑے کی نمائش کا انعقاد بھی مشکل تھا لیکن اب دفاعی نمائش منعقد ہو رہی ہے ۔ خطے میں امن کا توازن ہی امن کی بہترین ضمانت ہوسکتی ہے ، پاک فوج کی لازوال قربانیاں ہیں ہمیں ان کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان نے سب سے پہلے سی پیک کے تحفظ کے لیے پیٹرولنگ فورس بنادی ہے اور سی پیک کی بدولت نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے خطے میں ترقی ہوگی اور سڑکوں کا جال بچھے گا ،پوری دنیا میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی، انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام سی پیک کی حفاظت اس طرح کررہے ہیں جس طرح پوری قوم نے ایٹم بم کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دراصل بھارت کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بری لگنے لگی ہے ، اس لیے وہ اپنی دہشتگردی پر اتر آیاہے۔