امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پشاور میں پیسکو کے چیف سے ملاقات کی جس میں انکا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کا عذاب سب سے زیادہ خیبر پختونخواہ کے عوام کو جھیلنا پڑ رہا ہے۔ صوبے میں بجلی کی پیداوار کا فائدہ عوام کو نہ پہنچاناسراسر زیادتی ہے جو کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سینیٹر سراج الحق پیسکو کے چیف سے مطالبہ کیا کہ صوبے بھر میں واپڈاکی مس مینجمنٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے اور خیبر پختونخواہ کے عوام کو بجلی فراہمی میں ان کا اصل حصہ مہیا کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ملک بھر کے عوام واپڈا کی وجہ سے سخت عذاب کا شکار ہیں اور ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے رمضان سے قبل سحری اور افطاری میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے جو خوش کن اعلان کئے تھے ان پر ایک دن کیلئے بھی عمل نہیں ہوا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومتی وعدوں اور اعلانات پر عمل نہ کرنے سے عوام اور حکمرانوں کے درمیان عدم اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر اور مالا کنڈ ڈویژن میں عوام کی طرف سے بجلی کے بل ادا کرنے کی شرح ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے اور ان علاقوں میں لائن لاسز بھی ملک کے دیگر حصوں کی نسبت کم ترین ہیں۔ لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام کو رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کی چکی میں پیس کر رکھ دیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا نے پیسکو چیف کو توجہ دلائی کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے اپنے علاقوں کیلئے ٹرانسفارمرز اور کھمبوں کیلئے پیسے بھی جمع کروائے ہوئے ہیں لیکن انہیں سامان دینے سے لیت و لعل سے کام لیا جارہا ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ ہنگامی بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے اور جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے ٹینڈرز منظور ہوچکے ہیں وہاں فوری طور پر بجلی مہیا کی جائے۔ ملاقات میں صاحبزادہ محمد یعقوب ،اعزاز الملک افکاری ،سید گل اور ملک بہرام خان بھی موجود تھے ۔