پیرس: امریکی خفیہ اداروں کی طرف سے موجودہ اور سابق فرانسیسی صدور کی جاسوسی کے انکشاف کے بعد صدر فرانسوا اولاند نے دفاعی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی اخبار لبریشن اور انوسٹی گیٹو نیوز ویب سائٹ میڈیا پارٹ نے اپنی ایک مشترکہ رپورٹ میں وکی لیکس کے حوالہ سے بتایا ہے کہ امریکی خفیہ اداروں نے موجودہ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اور سابق صدور یاک شیراک اور نکولس سرکوزی کی گفتگو ٹیپ کی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے صدر فرانسوا اولاند کے قریبی ساتھی کے حوالہ سے بتایا ہے کہ دفاعی اور خفیہ اداروں کے سربراہان پر مشتمل ڈیفنس کونسل کے اجلاس میں اس معاملہ پر غور کیا جائے گا۔
ادھر امریکا کی نیشنل سیکورٹی کونسل کی طرف جاری بیان میں رپورٹ کوتصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا گیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے مخصوص قومی مقاصد کے علاوہ غیر ملکیوں کی جاسوسی نہیں کرتے لیکن جاسوسی کے حوالہ سے عام شہریوں اور رہنماﺅں میں کوئی فرق نہیں روا رکھا جاتا۔
دوسری جانب وکی لیکس کی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ ادارے نیشنل سیکورٹی ایجنسی نے 2006ءاور 2012ءکے درمیان فرانسیسی صدور کے ساتھ ساتھ فرانسیسی وزراءاور امریکا میں تعنیات فرانس کے سفیر کی بھی جاسوسی کی۔