سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف بھارتی سازشوں کو عالمی فورم پر اٹھاکر بے نقاب کیا جائے۔ حکومت پاکستان کو بی بی سی کی رپورٹ کا سختی اورسنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیئے۔
جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردی، بلوچستان میں مداخلت سمیت بی بی سی کی حالیہ انکشافاتی رپورٹ سے پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں اب حکمرانوں اور سیکورٹی اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان میں مکتی باہنی کے ذریعے ملک کو دولخت کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے بھارتی وزیراعظم مودی کے اعترافی بیان کے بعد باقی ماندہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے ایم کیو ایم کو بھی بھارت کی جانب سے فنڈز فراہم کرنے اور کارکنوں کو عسکری تربیت دینے والی بی بی سی کی انکشافاتی رپورٹ سے پاکستان کیخلاف بھارتی عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ متحدہ اپنی بے گناہی ثابت کرے یا پھر کڑے احتساب کیلئے تیار ہوجائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے قیام پاکستان سے ابتک پاکستان کو کھلے دل سے تسلیم ہی نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ وہ دہشتگردی سے لیکر علیحدگی پسندوں کو فنڈز فراہم کرکے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑتا۔