پناہ گزینوں کےلئے اقوام متحدہ کے ادارہ(یواین ایچ سی آر) نے متنبہ کیا ہے کہ شام کے پناہ گزینوں کےلئے فوری طور پر تین ارب ڈالر سے زائد امداد کی ضرورت ہے جبکہ پناہ گزینوں کے اس ادارہ کو فنڈزکی شدید کمی کا سامنا ہے۔
ذرائع ابلاغ نے یواین ایچ سی آرکے ہائی کمشنر انٹوینو گوئیٹرس کے حوالہ سے بتایا کہ ادارہ کے پاس فنڈز کی اس قدر کمی ہے کہ ادارہ آئندہ 6 ماہ کے دوران لاکھوں مہاجرین کو فوری درکار امداد فراہم کرنے کے قابل بھی نہیں رہے گا۔
پناہ گزینوں کےلئے عالمی ادارہ کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ادارہ کو شام کے مہاجرین کی امداد کےلئے فوری طور پر3 ارب47کروڑ ڈالرکی کمی کا سامنا ہے جبکہ فنڈز کی قلت کے باعث پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد اور ماہانہ فوڈ ووچرز کی فراہمی بھی رک جائے گی۔رپورٹ میں عالمی برادری سے شام کےلئے پناہ گزینوں کےلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز کی فراہمی پر زوردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث تقریباً40 لاکھ افراد ہمسایہ ممالک ترکی، لبنان، اردن اور عراق میں پناہ لئے ہوئے ہیں جن کوعالمی ادارہ برائے مہاجرین کی طرف سے خوراک، پانی اورنقد مالی امداد دی جاتی ہے جو کہ فنڈز کی قلت کے باعث تعطل کا شکار ہوسکتی ہے۔