مقبوضہ بیت المقدس : ویٹیکن نے فلسطین کو سرکاری سطح پر علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ اسرائیلی حکومت نے کہا ہے کہ ویٹیکن کے ساتھ اپنے تعلقات کا جائزہ لیں گے۔
غیر ملکی نیوزایجنسی کے مطابق کیتھولک عیسائیوں کے مرکز ویٹیکن نے فلسطین کو باضابطہ طور پرعلیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ باہمی مسودے پر دستخط کر کے سرکاری طور پر فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ۔
ویٹیکن سٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ اس سے اسرائیلوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات شروع ہونے کا امکان بڑھے گا تاہم اسرائیلی حکومت نے اس سے اتفاق نہیں کیا اور کہا ہے کہ وہ ویٹیکن کے ساتھ اپنے تعلقات کا جائزہ لیں گے۔
یاد رہے کہ ویٹیکن سنہ 2013 سے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکا ہے تاہم کونکارڈٹ نامی اس مسودے پر دستخط کے بعد فلسطین کے مسئلے کو مزید اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے 135 ارکان فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں۔ تاہم ویٹیکن کی جانب سے اس اقدام کی وجہ سے مسئلے کو روحانی اور اخلاقی وزن ملے گا۔
دوسری جانب اسرائیل نے اس اقدام کو جلد بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اسرائیل اور ویٹیکن کے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔