سرکاری اسکیم کے بعد وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کر دیا ہے۔ حج گروپ آرگنائزر سے کہا گیا ہے کہ وہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 7 جولائی تک آن لائن ڈیٹا وزارت مذہبی امور کو ارسال کر دیں۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پرائیویٹ اسکیم کے تحت رواں سال حج درخواستوں کی وصولی کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تمام حج گروپ آرگنائزرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے درخواست گذاروں کا آن لائن ڈیٹا 7 جولائی تک وزارت مذہبی امور کو ارسال کر دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت پاسپورٹس جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 مئی دی گئی تھی تاہم بعض لوگوں کی درخواست پر انہیں 25 جون تک کا وقت دیا گیا تھا۔ تمام پاسپورٹس جمع ہونے کے بعد ویزوں کے حصول کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
حجاز مقدس میں رہائشی عمارتوں کے حصول کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رہائشی عمارتوں کے حصول کا عمل شروع ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ مرحلہ بھی بروقت خوش اسلوبی سے مکمل ہو جائے گا۔