امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں سے ہمارا رشتہ اور تعلق کوئی نسلی نہیں بلکہ کلمے ،عقیدے اور نظریے کی بنیاد پر ہے۔ جماعت اسلامی 1948 سے اراکانی مسلمانوں کے ساتھ ہے جماعت اسلامی انھیں کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں ادارہ نور حق میں نور حسین اراکانی کی قیادت میں آئے ہوئے روہنگیا برادری کے مسلمانوں کے ایک وفد سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے سعودی عرب سے روہنگیا کے مسلمانوں کے مسئلے پر بات کی ہے اور حکومت کے اعلی حکام سے بھی اس مسئلے کے حل کے لیے رابطہ کیا ہے جبکہ یواین او میں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ہے اور بہت جلد الخدمت کا ایک وفد ملائیشیا اور انڈونیشیا کا دورہ کرے گا اور وہاں کی فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا ۔
نور حسین اراکانی کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد نے مسئلے کے حل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور اپیل کی کہ ان کی حمایت اور مدد کی جائے ۔ سراج الحق نے وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کا اور ہمارا رشتہ ایک مضبوط رشتہ ہے ۔جماعت اسلامی روز اول سے آ پ کے ساتھ ہے۔ ہم نے کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں اراکانی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے بڑے بڑے مارچ کیے ہیں جس میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی دعوت دی اور اس مسئلے کو ایک قومی اور ملی مسئلے کے طور پر پیش کیا ہے ۔
سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ افسوس کہ عالم اسلام کے اندر ایسا کوئی ادارہ نہیں ہے جو مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے آواز اُٹھائے ۔او آئی سی بھی امریکہ کے اشارے پر کام کرتی ہے ۔قبل ازیں نور حسین اراکانی نے جماعت اسلامی کی کوششوں کی تعریف کی اور تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بار بار یادداشتیں پیش کی جانی چاہیئے ۔عالمی سطح پر مراسلات بھیجے جائیں۔ سفراءکا اجلاس بلایا جائے ۔ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حکومتی کمیٹی کے ساتھ کام کرے اور اس کے کاموں پر نظر رکھے۔ بنگال ،ملائیشیا اور انڈونیشیا میں اعلی سطحی وفود بھیجے جائیں۔
نور حسین اراکانی کی قیادت میں آئے ہوئے وفد میں محمدرفیق ، ذبیح اللہ ، مولانا ظفر آزاد ، مولانا عبدالحئی ، مولانا قاری سعید، مولانا نور البشر اور محمد سلیم شامل تھے جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ، سیکریٹری کراچی عبدالوہاب ، الخدمت فاﺅنڈیشن کے صدر عبدالشکور ، الخدمت کراچی کے سیکریٹری انجینئر عبدالعزیز ، امیر ضلع بن قاسم محمد اسلام اور دیگر بھی موجود تھے ۔