آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو نے کے امکانات ہیں جبکہ اس دوران کراچی سمیت ملک کے کسی علاقے میں گرمی کی شدید لہر کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتہ کے دوران جنوبی پنجاب ، بالائی سندھ، سبی اور مکران ڈویژن مین زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 – 47 ڈگری سنٹی گریڈ ہو سکتا ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
میٹ آفس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم راولپنڈی، سرگودھا، مالاکنڈ، بنوں، کوئٹہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش منگلہ میں 27ملی میٹر جبکہ جوہرآباد 21، سیالکوٹ 10، مالم جبہ، کاکول، بنوں 08، نورپورتھل07، مری، مظفرآباد06، اسلام آباد، سیدوشریف04، کوٹلی 03، سکردو، بالاکوٹ، بارکھان، راولاکوٹ 02، کوٹ آدو، ہنزہ، کوہاٹ 01 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ پیر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی، تربت میں47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی، دالبندین، لسبیلا، بہاولنگر، اوکاڑہ، رحیم یار خان اور نورپورتھل میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔