یونان کی حکومت نے ملک بھر کے تمام بینک 6 جولائی تک بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جبکہ بینکوں کے اے ٹی ایم سے رقوم نکل وانے کی حد بھی مقرر کردی گئی ہے۔
یونان کی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامہ میں ریاستی لوگوں کو ایک دن میں اے ٹی ایم مشین سے صرف 60 یورو تک کی رقم نکلوانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ یونانی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کی قلت کی وجہ سے ملک کے مالیاتی نظام کو بچانے کیلئے یہ انتہائی ضروری اقدام ہے اور بینک ریفرنڈم کے دوسرے روز تک بند رہیں گے۔ گریس گورنمنٹ کو 30 جون بروز منگل تک عالمی مالیاتی فنڈ کو ایک ارب 60 کروڑ یورو کا قرض واپس کرنا ہے۔
یاد رہے کہ یونان اور مالیاتی اداروں کے درمیان بیل آﺅٹ پیکیج کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں کسی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا اور یونان کے دیوالیہ ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ یونان کے وزیراعظم الیکسیزسیپراز نے بیل آﺅٹ پیکیج کیلئے مجوزہ اصلاحات پر 5 جولائی کو ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔