انڈونیشیا میں سی ون تھرٹی طیارہ شمالی سماٹرا میں شہری علاقے میں گر کر تباہ ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 116تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں اب تک 116افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے تاہم اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ مدان نامی شہر میں پیش آیا جہاں چار انجن والا ہرکیولیس سی ون تھرٹی طیارہ رہائشی آبادی پر گر گیا۔
انڈونیشیا کی فوج کے ایک ترجمان فواد باسیا نے کہا ہے کہ طیارہ دوپہر بارہ بج کر آٹھ منٹ پر فضائیہ کے اڈے سے اڑا تھا اور دو منٹ بعد ہی پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر شہر میں گر کر تباہ ہوگیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارہ دو مکانات اور ایک کار پر گرا اور اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں لیکن شدید آگ اور دھوئیں کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔