وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعلق کو مضبوط بنا کر سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مزید ترقی کی جاسکتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے تحت منعقدہ اوپن ہاﺅس اینڈ جاب فیئر میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعلق کو مضبوط بنا کر سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیز ترقی کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹر پرینئر شپ کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جبکہ انجینئرنگ کے شعبہ میں انٹر پرینئر شپ پر توجہ مرکوز کر کے پاکستان خودانحصاری اور معاشی بہتری کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے منصوبوں بالخصوص قابل تجدید توانائی اور انرجی مینجمنٹ، راڈارز، خودکار گاڑیوں اور مقامی سطح پر سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ جیسے پراجیکٹس میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور انہیں مبارکباد دی۔
نسٹ کالج آف ای اینڈ ایم ای کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر آفتاب احمد لغمانی نے طلبہ اور انڈسٹری کے لئے اوپن ہاﺅس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ایونٹ میں 35 سے زائد کمپنیوں کے 75 وفود نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف کمپنیوں نے طلبہ کے انٹرویو اور ٹیسٹ بھی لئے۔