سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں نماز استسقاءادا

261

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد نماز استسقاءکی گئی جس میں خشک سالی کے خاتمہ اور باران رحمت کے لیے گڑ گڑا کر دعائیں کی گئیں ۔

منصورہ میں نماز استسقاءنائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے پڑھائی جس میں لاہور اور گردو نواح سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ سے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے ۔

 ملک پر مسلط حکمران ٹولے نے مسلسل اللہ تعالیٰ سے بغاوت کا رویہ اختیار کر رکھاہے ۔ شراب سے سینکڑوں لوگوں کی ہلاکتوں کے باوجود ملک میں اس کی فروخت جاری ہے اور حکومت باقاعدہ فروخت کے پرمٹ جاری کرتی ہے ۔ ملک اربوں ڈالر کا مقروض ہے ۔ معیشت تباہ اور عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں ۔ غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے مگر حکمران سود،جسے اللہ اور رسول کے خلاف اعلان جنگ قرار دیا گیاہے ، چھوڑنے کو تیار نہیں ۔

ملک میں پھیلی عریانی و فحاشی اور بے حیائی سے شہریوں کا دم گھٹنے لگاہے مگر حکمران اصلاح احوال کے لیے تیار نہیں بلکہ اب تو نقاب پہننے والی بچیوں کو تعلیمی اداروں میں داخلہ دینے سے انکار ہونے لگاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی رحمت و مغفرت کے لیے ضروری ہے کہ حکمران باغیانہ رویہ چھوڑ کر اللہ سے معافی مانگیں تاکہ موسموں کی شدت اور خشک سالی سے نجات مل سکے ۔

دریں اثنا پشاور ، فیصل آباد، ملتان اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر نماز استسقاءادا کی گئی اور بارش کے لیے دعائیں مانگی گئیں ۔ پشاور کی تاریخی مسجد مہابت خان میں نماز استسقا کی امامت مولانا طیب قریشی نے کرائی ۔

 المرکز اسلامی پشاور میں مولانا عبدالاکبر چترالی کی امات میں نماز استسقاءادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام نے شرکت کی ۔ بلوچستان میں کوئٹہ سمیت 6 شہروں میں نماز استسقاءپڑھی گئی ۔ عبدالکبیر شاکر ، مولانا رحمت اللہ اور ڈاکٹر عطاءالرحمن نے امات کرائی ۔

 فیصل آباد مدینہ ٹاﺅن میں نماز استسقاءکا بڑا اجتماع ہوا اور پروفیسر محبوب الزمان بٹ نے امامت کرائی اور اللہ کے حضور باران رحمت کے لیے دعائیں کی گئیں ۔ ملتان میں جامع العلوم میں نماز استسقا ءکا بڑااجتماع ہوا مولانا عبدالرزاق کی امات میں نماز استسقاءادا کی گئی ۔