کافی کے بارے میں جدید تحقیق

171

سویڈن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی کا محدود استعمال دل کی صحت کے لئے مفید ہے۔

سٹاک ہوم یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ صدیوں سے کافی کے بارے میں شبہات پائے جاتے ہیں کہ صحت پر اس کا برا اثر پڑسکتا ہے۔ ستر ھویں صدی کے آخر میں فرانسیسی ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ کافی سے تھکن اور فالج کا امکان پیدا ہوجاتا ہے۔ بیسویں صدی کے وسط میں بعض تحقیقی جائزوں میں بتایا گیا کہ کافی پینے سے لبلبے کے سرطان ، بلند فشار خون اور امرض قلب کا خطرہ ہوتا ہے۔

سویڈن کے ماہرین کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن میں چند پیالی ہلکی کافی پی لینے سے شاید ہی دل کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکڑوں مرکبات ایسے ہیں جو جوش دیتے وقت کافی میں خاص مہک یا خوش بو اور ذائقہ پیدا کرتے ہیں ،لیکن ابھی تک تحقیق کاروں کی ساری توجہ کیفین پر مرکوز رہی ہے۔

البتہ اب دیگر مرکبات کے اثرات کے بارے میں بھی جاننے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پابندی سے کافی نہیں پیتے تاہم ایک آدھ پیالی پی لینے سے فشار خون وقتی طور پر بڑھ جاتا ہے ، لیکن جو پابندی سے کافی پینے والے ہیں انہیں یہ شکایت نہیں ہوتی۔ زیادہ تر تحقیقی مطالعوں میں کافی نوشی اور بلند فشار خون کے درمیان کسی واضح تعلق کا پتا نہیں چل ہے ۔