مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے کادی بوگ کاکہ پورہ میں بھارتی فورسز نے تلاشی اورمحاصرے کی کارروائی کے دوران نوجوانوں کو تشدد کانشانہ بنایا جس کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرے کئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے پلوامہ کے علاقے کادی بوگ میں مجاہدین کی موجودگی کا بہانہ بنا کر علاقے کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔ بھارتی فورسز نے اس دوران لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ لوگوں نے بھارتی فورسز کی مزاحمت کی اور ان پر پتھراؤ کیا۔
نوجوانوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ نوجوانوں نے بھارتی فورسز پر پتھراؤکیا اور ان پرکانگڑیوں سے حملہ کیا ۔ بھارتی فورسز نے مشتعل لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔
قابض فورسز نے مقامی لوگوں کے تیور دیکھ کرآپریشن ختم کرنے میں عافیت سمجھی اور چلتے بنے۔بھارتی پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کادی بوگ پلوامہ میں فوجی آپریشن کے دوران لوگوں نے فورسز پر پتھراؤ کیاہے۔ مذکورہ آفیسر کے مطابق پولیس وفورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ہے۔