اسرائیل کی فوجی عدالت نے ایک اسرائیلی فوجی کو غیر مسلح زخمی فلسطینی نوجوان کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیدیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوجی عدالت نے ایک اسرائیلی فوجی کو غیر مسلح زخمی فلسطینی کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیدیا۔ 20 سالہ سارجنٹ الورا زاریہ پر الزام ہے کہ اس نے 21 سالہ فلسطینی عبدالفتح الشریف کو اس وقت سر پر گولی مار کر جان سے مار دیا تھا جب وہ زخمی حالت میں سڑک پر پڑا ہوا تھا اور وہ چلنے کے قابل بھی نہیں تھا۔
واقعہ کے مطابق غرب اردن کے شہر الخلیل میں عبدالفتح نے ایک دوسرے اسرائیلی فوجی کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا تھا۔ اسرائیلی فوجیوں کی جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہو کر سڑک پر گر گیا اور ہلنے جلنے کے قابل بھی نہیں تھا کہ 20 سالہ سارجنٹ نے اس پر گولی چلا دی۔