نیویارک کے علاقے بروکلین میں صبح رش کے اوقات میں ایک مسافر ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 100 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لانگ آئی لینڈ ریل روڈ پر چلنے والی ریل گاڑی اس وقت پٹری سے اتر گئی جب وہ رکنے میں ناکام ہوئی اور ایک ابھرے ہوئے بلاک سے ٹکرا گئی جس کے باعث بعض مسافر گر کر زخمی ہو گئے۔
نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے 11 افراد کو ہسپتال لے جایا گیا جبکہ دیگر کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ستمبر میں نیو جرسی میں ہونے والے حادثے میں ایک شخص ہلاک اور 114 زخمی ہو گئے تھے۔